امریکا نے ایران سے تعلق رکھنے والی مزید 35 کمپنیوں اور شپنگ ویسلز پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، جس کا مقصد ایران کی غیرقانونی تیل فروخت سے حاصل شدہ آمدنی کو جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل، اور ڈرونز کی تیاری پر خرچ کرنے سے روکنا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق، آفس آف فارین ایسیٹس کنٹرول نے میری ٹائم انڈسٹری میں فعال ایرانی شیڈو کمپنیوں پر پابندی کے لیے ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ قائم مقام انڈر سیکرٹری براڈلی اسمتھ نے کہا کہ امریکا غیرقانونی آپریشنز اور شیڈو فلیٹس کے خلاف سخت کارروائی کے لیے پرعزم ہے۔
پابندیوں کی زد میں آنے والی کمپنیوں میں مارشل آئی لینڈ، گیانا، کک آئی لینڈ، سان مارینو، لائیبریا، اور پاناما سمیت مختلف ممالک کے فلیگڈ ویسلز شامل ہیں، جن میں “بلیک پینتھر”، “مسل”، “لیڈی لوسی”، اور “فیونا ٹو” جیسی معروف شپنگ کمپنیاں بھی شامل ہیں۔
امریکا کا کہنا ہے کہ ان پابندیوں کا مقصد ایرانی غیرقانونی سرگرمیوں کو روکنا اور بین الاقوامی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔