براہِ راست فضائی رابطہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب کرے گا، ازبک سفیر علی شیر تختیوف

ازبکستان  اور پاکستان کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز پر پاکستان کے بڑے کاروباری گروپ میزاب ائیر کی جانب سے  ائیر ٹکٹنگ کمپنیز کے اعزاز میں ایک شاندار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان میں تعینات ازبک سفیر علی شیر تختیوف، ازبک ائیر لائن کے کنٹری مینیجر، میزاب ائیر کے ڈائریکٹر امتیاز الرحمٰن اور لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئیر نائب صدر خالد عثمان سمیت لاہور میں موجود ازبک کمیونٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔

تعلیمی سیاحت اور ریسرچ کے لیے پروگرامز ہمارا مشن ہیں: ازبک سفیر

ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے اِس اہم سنگِ میل کو عبور کرنے کا سہرا ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کے سر باندھا، اُنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ازبکستان پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔” اُنہوں نے مزید کہا کہ ” تعلیمی سیاحت اور ریسرچ کے لیے دو طرفہ تبادلہ پروگرامز کروانا ہمارا مشن ہے۔یہ فضائی رابطہ اِس مقصد کو مزید قریب لے آیا ہے۔”ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے اِس کامیابی پر دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد دی۔

آئندہ چند مہینوں میں اسلام آباد اور کراچی سے پروازوں کا آغاز بھی کیا جائے گا: ڈائریکٹر میزاب ائیر ، امتیاز الرحمٰن

میزاب ائیر کے ڈائریکٹر امتیاز الرحمن نے تاشقند اُردو سے بات کرتے ہوئے کہا  کہ” ہم کئی سالوں سے پاکستان میں خدمات فراہم کر رہے ہیں اور ہمارا مقصد پاکستانی سیاحوں کو ازبکستان کے اسلامی تاریخی مقامات دریافت کرنے کا موقع دینا ہے۔ فی الحال پروازوں کا آغاز لاہور سے کیا گیا ہے، تاہم آئندہ چند مہینوں میں اسلام آباد اور کراچی سے بھی پروازوں کے آغاز کا منصوبہ ہے۔”

یہ صدر شوکت مرزائیوف کی وجہ سے ممکن ہوا: کنٹری مینیجر ازبک ائیر لائن

ازبکستان کے کنٹری مینیجر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ “یہ کامیابی صدر شوکت مرزائیوف کی کوششوں کی وجہ سے ممکن ہوئی”۔ اُنہوں نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید وسیع کرنے کی امید بھی ظاہر کی۔

ازبکستان اولیاء اور صوفیاء کی سرزمین ہے: ڈائریکٹر میزاب ائیر شاہد انور

ڈائریکٹر میزاب ائیر شاہد انور نے تاشقند اُردو سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ” ازبکستان اولیاء اور صوفیاء کی سرزمین ہے، امام بخاری کی سرزمین ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی عوام ازبکستان کو ایکسپلور کرے”۔ ڈائریکٹر میزاب ائیر نے براہِ راست پروازوں کے آغاز پر ازبک صدر اور وزیرِ اعظم پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ فضائی رابطہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دے گا: نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس

لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر خالد عثمان نے تاشقند اُردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ فضائی رابطہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل قریب میں دونوں ممالک کے درمیان ایک تجارتی نمائش کا انعقاد بھی کروایا جائے گا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں