آل راونڈر محمد نواز کا مبینہ طور پر ‘ریکریئیشنل ڈرگ’ کا استعمال، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کارروائی کا آغاز کر دیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز پر ’ریکریئیشنل ڈرگ‘ کے استعمال کا الزام سامنے آیا ہے، جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔ بورڈ کے ترجمان عامر میر کے مطابق، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ میں محمد نواز کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور کھلاڑی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 22 اپریل تک اپنا جواب جمع کروائیں۔

عامر میر کا کہنا تھا کہ ایسے معاملات کی تحقیقات آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں آتی ہیں، جو نتائج جاری کرنے کے بعد کھلاڑی کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دیتی ہے۔ اس سے قبل کرکٹ ویب سائٹ ‘کرک انفو’ نے دعویٰ کیا تھا کہ فروری اور مارچ میں انڈیا اور سری لنکا میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران محمد نواز کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ وہ ایونٹ میں پاکستان کے سکواڈ کا حصہ تھے اور سات میچز میں شریک ہوئے، تاہم ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکی جبکہ ان کی کارکردگی بھی نمایاں نہ رہی۔

پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے محمد نواز کے مستقبل سے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

ماہرین کے مطابق ’ریکریئشنل ڈرگز‘ سے مراد ایسی منشیات ہیں جو کارکردگی بڑھانے کے بجائے محض تفریح یا وقتی سکون کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ منشیات انسان کو یا تو غیر معمولی خوشی دیتی ہیں یا نیند اور سکون کی کیفیت پیدا کرتی ہیں، اسی لیے انہیں بعض اوقات ’پارٹی ڈرگز‘ بھی کہا جاتا ہے، تاہم ان کا استعمال کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے متاثر کر سکتا ہے۔

آئی سی سی کے اینٹی ڈوپنگ قوانین کے تحت کھلاڑیوں کے دو نمونے لیے جاتے ہیں جن میں پہلے نمونے کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور مثبت آنے کی صورت میں کھلاڑی کو دوسرا نمونہ چیک کروانے کا حق حاصل ہوتا ہے۔ اگر دوسرا نمونہ منفی آئے تو کارروائی روک دی جاتی ہے، جبکہ مثبت ثابت ہونے کی صورت میں کھلاڑی پر چار سال تک پابندی عائد کی جا سکتی ہے، البتہ غیر ارادی استعمال ثابت ہونے پر سزا میں کمی ممکن ہے۔

محمد نواز کے معاملے پر سوشل میڈیا پر بھی بحث جاری ہے، جہاں بعض صارفین اور تجزیہ کاروں نے ان پر تنقید کی ہے۔ کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ ان کے عمل سے جونیئرز پر بھی اثر پڑتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں