ازبک سفیر سے فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر کی ملاقات

ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیو کی فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ سے ملاقات ہوئی ، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر علی شیر تختیو نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر پاکستان اور ازبکستان اپنی دو طرفہ تجارتی صلاحیتوں سے مکمل فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ تاہم، وہ بزنس کمیونٹی کے درمیان براہ راست رابطے قائم کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

پہلے مرحلے میں زوم کے ذریعے بی ٹو بی میٹنگز کا انعقاد ہوا اور دوسرے مرحلے میں تجارتی وفود کا تبادلہ ہوا۔ سفیر نے اس بات کا یقین دلایا کہ ازبکستان کے ساتھ تجارت کرنے کے خواہاں تاجروں کو ترجیحی بنیادوں پر ویزے فراہم کیے جائیں گے، خاص طور پر وہ جو فیصل آباد چیمبر کی سفارش سے آئیں گے۔ ازبک سفیر نے اعلان کیا کہ ازبک ائیر ویز 29 نومبر سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، جس سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔ ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ تجارت دوست پالیسیوں کے ذریعے پاک ازبک تجارت کو بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تاجروں کے درمیان براہ راست رابطے اور اعتماد سازی دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے ازبک سفیر کی دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ براہ راست پروازوں سے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو ایک نئی جہت ملے گی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں