پاکستان سپر لیگ اور انڈین پریمیئر لیگ کے درمیان موازنہ ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ اس بار اسلام آباد یونائیٹڈ کے معاون کوچ جیکب اورم کے دلچسپ ردِعمل نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
کراچی میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران جب جنوبی افریقی بلے باز ریلی روسوو کے اس بیان کا حوالہ دیا گیا کہ انڈین لیگ ‘فلم کی طرح زیادہ جبکہ اصل کرکٹ کم لگتی ہے’، تو اورم اپنی ہنسی نہ روک سکے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ‘کیا آپ نے کہا فلم کی طرح؟’
بعد ازاں انہوں نے دونوں لیگز کا متوازن موازنہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹورنامنٹس ایک جیسے بھی ہیں اور مختلف بھی۔ ان کے مطابق، انڈین لیگ کا دورانیہ زیادہ طویل ہے اور وقت کے ساتھ یہ ایک بہت بڑی لیگ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں اس لیگ میں کھیل چکے ہیں، تاہم اب یہ پہلے سے کہیں زیادہ وسیع ہو چکی ہے۔
جیکب اورم، جو اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ لیوک رونکی کے ساتھ کام کر رہے ہیں، نے پاکستان سپر لیگ کے تجربے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا پہلا موقع ہے اور وہ اس سے بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔ ان کے بقول ٹیم کا ماحول نہایت خوشگوار ہے اور کھلاڑیوں و عملے کی جانب سے بھرپور تعاون مل رہا ہے۔
انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ اگر اسٹیڈیمز میں زیادہ تماشائی موجود ہوں تو ماحول مزید بہتر ہو سکتا ہے، تاہم انہوں نے اس کی موجودہ صورتحال کی وجوہات کو بھی تسلیم کیا۔
ریلی روسوو کا بیان اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے ایک میچ میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے کہا تھا کہ انڈین لیگ میں فلمی صنعت کی شمولیت کی وجہ سے وہ زیادہ ایک شو کی طرح محسوس ہوتی ہے، جبکہ دونوں لیگز کے اپنے اپنے فوائد اور خامیاں ہیں۔