ازبکستان کے شہر سمرقند میں بین الاقوامی تعلیمی نمائش "ورلڈ ایجو 2026” کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر کے تعلیمی اداروں نے شرکت کی۔
یہ نمائش ساف ایکسپو کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جو بین الاقوامی سطح پر صنعتی اور تعلیمی نمائشوں کے انعقاد میں مہارت رکھتی ہے۔ اس سال اس پلیٹ فارم پر ازبکستان کے علاوہ یورپی ممالک، روس، بیلاروس، قازقستان اور ترکیے سمیت 10 سے زائد ممالک کے معروف جامعات، تعلیمی ادارے، کنسلٹنگ فرمز اور ٹریننگ سینٹرز شریک ہوئے۔

نمائش طلبہ، امیدواروں اور ان کے والدین کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہوئی، جہاں انہیں مقامی اور غیر ملکی جامعات میں داخلوں، تعلیمی وظائف، اور بین الاقوامی امتحانات جیسے IELTS، SAT اور GMAT کے بارے میں تازہ معلومات فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ جدید تعلیمی پروگرامز اور کیریئر کے مواقع پر بھی رہنمائی دی گئی۔
منتظمین کے مطابق اس نمائش میں ہر سال دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سن 2024 میں تقریباً 40 تعلیمی اداروں نے شرکت کی تھی، جبکہ 2025 میں 70 سے زائد ادارے شریک ہوئے اور پہلے ہی دن 4 ہزار سے زیادہ افراد نے نمائش کا رخ کیا۔
