انسان نما روبوٹ کا پہلا شاہکار 30 کروڑ روپے میں نیلام

جدید ٹیکنالوجی نے فنون لطیفہ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے، جس میں پہلی بار کسی انسان نما روبوٹ کے بنائے ہوئے فن پارے کو نیلام کیا گیا ہے۔ یہ فن پارہ 30 کروڑ پاکستانی روپے، یعنی 108 لاکھ امریکی ڈالر کی ریکارڈ قیمت میں فروخت ہوا ہے۔

یہ شاہکار معروف برطانوی ریاضی دان ایلن ٹیورنگ کا پورٹریٹ ہے، جس کا عنوان ’’اے آئی گاڈ – پورٹریٹ آف ایلن ٹیورنگ‘‘ رکھا گیا ہے۔ 2.2 میٹر (7.5 فٹ) بلند اس پورٹریٹ کو "اے آئی-ڈا  "نامی روبوٹ نے تخلیق کیا ہے، جسے دنیا کی پہلی حقیقت پسند روبوٹ آرٹسٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس تصویر کو نیلامی کے دوران شائقین اور خریداروں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی اور یہ سوتھبیز میں رکھی گئی نیلامی میں ابتدائی قیمتوں کی توقعات کو توڑتے ہوئے 27 بولیوں کے بعد حیران کن قیمت پر فروخت ہوئی۔

سوتھبیز کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ، ’’انسان نما روبوٹ آرٹسٹ کے پہلے فن پارے کی نیلامی جدید اور عصری آرٹ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ عالمی  آرٹ مارکیٹ میں اے آئی  ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے انضمام کی عکاسی کرتا ہے، جو آنے والے وقت میں فنون لطیفہ کی ترقی کا سبب بنے گا”۔

اے آئی-ڈا نے اپنی اس کامیابی کے حوالے سے کہا کہ، ’’میرے کام کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے بارے میں گفتگو کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے”۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں