پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 11) کی ٹیموں اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں چیئرمین پی سی بی نے مہمانوں، کھلاڑیوں اور معزز شخصیات کا استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی اور لیگ کا نیا ترانہ لانچ کیا گیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر قومی مفادات کو مدِنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود انداز میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک بڑا بین الاقوامی برانڈ بن چکا ہے اور اسے مزید ترقی دینا ان کی ترجیح ہے۔
انہوں نے شائقینِ کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دینا ضروری ہوتا ہے، تاہم انہیں یقین ہے کہ آج کی یہ قربانی مستقبل میں بہتر نتائج دے گی۔
تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، سالک حسین اور علی پرویز ملک نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب میں پی ایس ایل فرنچائزز کے مالکان، ٹیموں کے کپتان، کوچز، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کرکٹرز بھی شریک ہوئے، جن میں سکندر رضا، روی بوپارا، تبریز شمسی اور ٹم پین شامل تھے۔
تقریب میں پی ایس ایل کے بین الاقوامی اور مقامی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے لیگ کی بڑھتی ہوئی عالمی اہمیت کا بھی اظہار ہوتا ہے۔