حکومت پاکستان نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال پر پابندی عائد کردی

حکومتِ پاکستان نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت سرکاری گاڑیوں میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ ہائی اوکٹین فیول پر پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے بعد کیا گیا ہے، جس کا مقصد قومی وسائل کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی سرکاری گاڑی میں ہائی اوکٹین ایندھن کے استعمال کی اجازت نہیں ہو گی۔ تاہم اگر کسی صورت میں اس کا استعمال ناگزیر ہو تو متعلقہ افسر یا اہلکار کو اس کے اخراجات اپنی جیب سے برداشت کرنا ہوں گے۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ سرکاری خرچ پر ہائی اوکٹین کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی اور تمام وفاقی محکموں، اتھارٹیز اور ذیلی اداروں کو اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس سے قبل بھی سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد کمی کی جا چکی ہے جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیاں پہلے ہی گراؤنڈ کی جا چکی ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے ہونے والی بچت کو عوام کو سستا ایندھن فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس فیصلے پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام بنایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ان اقدامات سے حکومتی اخراجات میں کمی کے ساتھ عوامی وسائل کا بہتر استعمال ممکن بنایا جا سکے گا۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں