ایران نے اعلان کیا ہے کہ عالمی فٹبال تنظیم فیفا کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں تاکہ عالمی کپ میں ایرانی ٹیم کے تمام میچز میکسیکو منتقل کیے جا سکیں۔
میکسیکو میں ایرانی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ایران کے فٹبال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج نے کہا ہے کہ اس وقت فیفا کے ساتھ بات چیت جاری ہے تاکہ ایرانی کھلاڑیوں کے میچز امریکہ کے بجائے میکسیکو میں کرائے جائیں۔
واضح رہے کہ ایران نے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے اور یہ ٹورنامنٹ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہونا ہے، جس کا آغاز 11 جون سے ہوگا۔ ایران کے دو میچز امریکی شہروں لاس اینجلس اور سیئٹل میں شیڈول ہیں۔
تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ایرانی قومی ٹیم کی شرکت مناسب نہیں ہوگی اور سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات موجود ہیں۔
مہدی تاج کا کہنا تھا کہ جب امریکی صدر خود یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ایرانی ٹیم کی سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتے تو ایسی صورتحال میں امریکہ جانا ممکن نہیں، اسی لیے میچز کو میکسیکو منتقل کرنے کے لیے مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔
اس سے قبل ایران کے وزیرِ کھیل احمد دنیامالی نے بھی کہا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے تہران پر حملوں کے بعد موجودہ حالات میں ایرانی کھلاڑیوں کے لیے ٹورنامنٹ میں شرکت مشکل ہو گئی ہے۔