ایران کے وزیر خارجہ کا پاکستان کا شکریہ، کشیدگی کے دوران حمایت پر اظہار تشکر

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران ایران کی حمایت کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اردو میں ایک بیان جاری کیا جس میں کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے اور اس معاملے میں اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسا رکھتا ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ ان بابرکت اور روحانی دنوں میں ایران پوری ثابت قدمی اور حوصلے کے ساتھ اپنے قومی مفادات اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے جس طرح ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے وہ قابل قدر ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی حمایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کے خلاف اسے مضبوط اخلاقی سہارا حاصل ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملے کیے تھے جس کے جواب میں ایران نے خلیجی خطے میں امریکی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا تھا۔

دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت میں سہولت فراہم کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے اس حق کی حمایت کرتا ہے کہ وہ پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی استعمال کرے، تاہم پاکستان خطے میں کسی بڑے تنازع کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔

ادھر جنگ کے باعث عالمی توانائی منڈیوں میں بھی بے چینی دیکھی جا رہی ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ خلیج سے تیل حاصل کرنے والے ممالک کو آبنائے ہرمز کے تحفظ میں کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ دنیا کی تقریباً 20 فیصد توانائی اسی راستے سے گزرتی ہے۔

اس کے علاوہ پیر کے روز ایرانی دارالحکومت تہران میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ ایران کے فضائی دفاعی نظام کو بھی فعال کر دیا گیا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان حملوں کا ہدف کیا تھا۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں