امریکہ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے ایرانی تیل بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔
امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے سی این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا ہےکہ ایرانی جہاز پہلے ہی اس سمندری راستے سے گزر رہے ہیں اور امریکہ نے عالمی منڈیوں میں توانائی کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے انہیں ایسا کرنے کی اجازت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد دنیا کے مختلف ممالک تک تیل کی رسد کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب اس اہم آبی گزرگاہ سے مزید جہاز گزرنا شروع ہو گئے ہیں جن میں بھارت اور چین کے جہاز بھی شامل ہیں، اور توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں اس راستے سے گزرنے والی بحری آمدورفت میں مزید اضافہ ہو گا۔
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ واشنگٹن کا مقصد ایران کی فوجی صلاحیتوں کو کمزور کرنا اور انہیں تباہ کرنا ہے۔ ان کے بقول اس حکمت عملی میں ایران کی بحری طاقت اور اس کی سرحدوں سے باہر اثر و رسوخ قائم کرنے کی صلاحیت کو بھی نشانہ بنانا شامل ہے۔