ازبک صدر شوکت مرزائیوف کی اسلام آباد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی رابطے مزید موثر بنانے پر اتفاق

ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے اسلام آباد میں ’’گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز‘‘ کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ازبکستان اور پاکستان کے درمیان کثیرالجہتی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے فوجی اور دفاعی تکنیکی شعبوں میں تعاون بڑھانے اور موجودہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی رابطہ اور ہم آہنگی مضبوط بنانے پر زور دیا۔

بات چیت کے دوران دونوں ممالک کی دفاعی صنعت سے وابستہ بڑے اداروں کے درمیان تعاون کو فعال بنانے، فوجی ماہرین کی تربیت کے پروگراموں کو وسعت دینے، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ مشقوں کے انعقاد کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مذاکرات میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں ممکنہ انفرااسٹرکچر منصوبوں پر تیزی سے کام کرنے کے امور بھی زیرِ غور آئے۔علاوہ ازیں، فوجی اور دفاعی تکنیکی تعاون کے فروغ کے لیے ایک علیحدہ ’’روڈ میپ‘‘ تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے اختتام پر صدر شوکت مرزائیوف نے ’’گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز‘‘ کمپنی کی تیار کردہ مصنوعات کا مشاہدہ کیا، جن میں پاکستان کی جدید فوجی ٹیکنالوجی اور اسلحے کے مختلف نمونے شامل تھے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں