جماعت اسلامی پاکستان برصغیر کی ان چند تحریکوں میں شمار ہوتی ہے جنہوں نے مذہبی فکر کو محض عبادات اور اخلاقی تعلیمات تک محدود رکھنے کے بجائے اسے سیاسی، سماجی اور ریاستی نظام کی سطح پر پیش کرنے کی جدوجہد کی۔ 1941 میں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے لاہور میں جماعت کی بنیاد رکھی تو ان کے پیش نظر ایک ایسی تحریک تھی جو تعلیم یافتہ، تربیت یافتہ اور نظریے پر یقین رکھنے والے افراد کے ذریعے معاشرے میں بتدریج تبدیلی لائے۔ مولانا مودودیؒ کی فکر کا مرکزی نکتہ یہ تھا کہ اسلام ایک مکمل نظامِ حیات ہے اور جدید ریاست اسی کی بنیاد پر منظم ہو سکتی ہے۔
تقسیم ہند کے بعد جماعت اسلامی تین آزاد حصوں میں منقسم ہوئی پاکستان، بھارت اور مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) میں اس تحریک نے اپنے اپنے حالات کے مطابق راستے اختیار کیے۔ بھارت میں جماعت اسلامی ہند نے سیکولر آئین کے دائرے میں رہ کر اپنی جدوجہد کو سیاسی کے بجائے سماجی، تعلیمی اور انسانی حقوق کے میدان میں مرکوز کیا۔ آج بھی جماعت اسلامی ہند تعلیمی اداروں، رفاہی اداروں، قانونی معاونت اور انسانی حقوق کی سرگرمیوں کے ذریعے بھارت میں مسلم کمیونٹی کی ایک اہم آواز سمجھی جاتی ہے۔ جموں و کشمیر کی جماعت اسلامی نے کئی دہائیوں تک وادی میں سیاسی اور سماجی تحریکوں میں نمایاں کردار ادا کیا، تاہم 2019 میں آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد بھارت نے اس پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ جس کے باوجود اس کی فکری چھاپ آج بھی کشمیری معاشرے میں برقرار ہے۔
بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کی تاریخ ایک الگ باب رکھتی ہے۔ 1971 کے بعد جماعت نے نئے حالات میں خود کو منظم کیا، پارلیمانی سیاست میں حصہ لیا، اتحادوں کا حصہ بنی اور سماجی شعبوں میں سرگرم رہی۔ لیکن 2009 کے بعد عوامی لیگ حکومت نے جنگی جرائم کے متنازع مقدمات کے تحت جماعت کی قیادت کو سزائیں دیں، سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگائی اور تنظیم کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود جماعت اسلامی بنگلہ دیش سماجی و سیاسی سطح پر اپنا کردار برقرار رکھے ہوئے ہے۔
مولانا مودودیؒ کی فکر کا اثر جنوبی ایشیا سے بہت آگے تک پھیلا ہوا ہے۔ ملائیشیا میں ABIM، انڈونیشیا میں مختلف اسلامی تحریکیں، ترکی میں ملی گوروش، برطانیہ میں Islamic Forum Europe اور امریکہ میں ICNA یہ سب براہِ راست یا بالواسطہ جماعت اسلامی کے فکری تسلسل سے جڑی ہوئی تحریکیں ہیں۔ یوں جماعت اسلامی ایک مقامی سیاسی جماعت کے بجائے ایک عالمی فکری دھارے کی صورت اختیار کر چکی ہے۔
پاکستان میں جماعت اسلامی کے کل پاکستان اجتماعات اس تحریک کی اصل تنظیمی روح کا اظہار ہوتے ہیں۔ ان اجتماعات کی ایک تاریخ ہے جو جماعت کی ترقی، چیلنجز اور نئی سمتوں کا آئینہ بھی سمجھی جاتی ہے۔ 1941 کے تاسیسی اجتماع میں 75 افراد شامل ہوئے۔ اس کے بعد 1945 میں پٹھان کوٹ کا پہلا کل ہندوستان اجتماع اور 1946 میں الہٰ آباد کا اجتماع جماعت کی ابتدائی منظم پیش رفت کے اہم سنگ میل تھے۔
پاکستان بننے کے بعد پہلا کل پاکستان اجتماع ارکان 1949 میں لاہور میں ہوا، جس میں 528 ارکان شریک ہوئے۔ 1951 میں کراچی کے ککری گراؤنڈ کا اجتماع اور 1955 کا کراچی اجتماع جماعت کے تنظیمی استحکام کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ 1963 میں لاہور میں ہونے والے اجتماع عام کو حکومت نے مشروط اجازت دی، مگر اس کے باوجود یہ اجتماع جماعت کی تاریخ میں ایک اہم سیاسی لمحہ ثابت ہوا۔اس اجتماع میں کچھ شرپسندوں نے دھاوا بول دیا تھا جس میں فیصل آباد کے ایک کارکن اللہ بخش شہید ہوگئے تھے ۔
طویل وقفے کے بعد 1989 میں لاہور میں اجتماع عام منعقد ہوا، جسے جدید دور کا ایک بڑا تنظیمی مظاہرہ سمجھا جاتا ہے۔ پھر 1998 میں فیصل مسجد اسلام آباد، 2000 میں چکری، 2004 میں نوشہرہ اور 2008 میں لاہور کے اجتماعات نے جماعت کے تنظیمی سفر کو نئی رفتار دی۔ 2014 میں سراج الحق کی امارت میں مینار پاکستان کے سائے میں ہونے والا اجتماع بھی ایک بڑا عوامی مظاہرہ تھا۔
اب نومبر 2025 میں حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں مینار پاکستان پر ہونے والا اجتماع اسی تاریخی روایت کا بارہواں باب ہے۔
یہ اجتماعات محض روحانی یا مذہبی اجتماعات نہیں ہوتے؛ یہ جماعت اسلامی کی تنظیمی صلاحیت، نظم و ضبط، تربیتی ڈھانچے اور نظریاتی استحکام کا عملی مظاہرہ ہوتے ہیں۔ ایک ایسے اجتماع میں جہاں تین سے چار لاکھ افراد شریک ہوں، وہاں کھانے، رہائش، صفائی، سیکورٹی، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کیمپس اور روزانہ کی اجتماعی سرگرمیوں کا انتظام وہ کام ہے جسے عموماً حکومتی مشینری بھی مشکل سمجھتی ہے۔ مگر جماعت اسلامی یہ سب رضاکارانہ بنیادوں پر انجام دیتی ہے۔ ہزاروں رضاکار صفائی، سیکورٹی، رہنمائی اور کھانے کے انتظامات کے لیے چوبیس گھنٹے سرگرم رہتے ہیں۔ اخراجات کارکنان کی عطیات، چندے، تنظیمی فنڈز اور مخیر حضرات کے تعاون سے پورے کیے جاتے ہیں۔
صحافتی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو جماعت اسلامی کے اجتماع عام صرف مذہبی جوش و جذبے کے مظاہرے نہیں بلکہ ایک سماجی ماڈل کی حیثیت بھی رکھتے ہیں—ایک ایسا ماڈل، جس میں ڈسپلن، خود انحصاری، رضاکارانہ خدمت، نظریاتی تربیت اور اجتماعی نظم مل کر ایک مکمل “سوشل آرڈر” تشکیل دیتے ہیں۔
اس تناظر میں نومبر 2025 کا اجتماع محض ایک سیاسی یا تنظیمی سرگرمی نہیں بلکہ ایک فکری تسلسل، تاریخی وراثت، اور اس سوال کا جواب ہے کہ پاکستان میں مذہبی، سماجی اور سیاسی سطح پر جماعت اسلامی کس نوعیت کی قوت کے طور پر موجود ہے۔ انتخابی میدان میں اس کی کارکردگی چاہے محدود رہی ہو، مگر تنظیمی ڈھانچے، نظریاتی وابستگی اور سماجی اثر انگیزی کے میدان میں جماعت اسلامی آج بھی ایک طاقتور حقیقت ہے اور مینار پاکستان کا آنے والا اجتماع اسی حقیقت کو ایک بار پھر واضح کرے گا۔