ہائیڈروجن معدے اور آنتوں کی صحت کے لیے مفید، نئی تحقیق میں انکشاف

حال ہی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ معدے اور آنتوں کی صحت کے لیے ہائیڈروجن کا کردار نہایت اہم ہے۔ ماہرین کے مطابق، ہائیڈروجن جسم میں مختلف بیکٹیریا کے ذریعے پیدا ہونے والی گیسوں کے نظام کو بہتر بناتی ہے اور آنتوں میں فرمنٹیشن کے عمل کو تیز کرتی ہے، جس سے ہاضمے کے نظام میں توازن قائم رہتا ہے۔

آسٹریلیا کے ماہرین نے بتایا ہے کہ گٹ بیکٹیریا کے ذریعے پیدا ہونے والی ہائیڈروجن گیس اینٹی انفلیمٹری خصوصیات رکھنے والے شارٹ چین فیٹی ایسڈز کی پیداوار میں اضافہ کر سکتی ہے۔ یہ ایسڈز آنتوں کی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہیں اور معدے کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ہائیڈروجن گیس معدے اور آنتوں میں موجود قدرتی بیکٹیریا کے مائیکرو بایوم کو بہتر انداز میں کام کرنے میں معاون ہے۔ یہ خصوصیت خاص طور پر ان افراد کے لیے اہم ہے جو معدے یا آنتوں کے مسائل جیسے انفلیمیشن، گیس، یا ہاضمے کی خرابیوں سے دوچار ہیں۔

اس کے علاوہ، ہائیڈروجن پانی کے استعمال پر ابتدائی شواہد ملے ہیں کہ یہ گٹ مائیکرو بایوم کی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ تاہم، ماہرین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ہائیڈروجن واٹر کے فوائد کے حوالے سے تحقیق ابھی محدود ہے اور مزید مطالعات کی ضرورت ہے تاکہ اس کے اثرات کو مکمل طور پر سمجھا جا سکے

اپنا تبصرہ لکھیں