ماہرین کا کہنا ہے کہ آلودگی کے اثرات میں کمی کی وجہ ان پھلوں میں قدرتی طور پر موجود اینٹی آکسیڈنٹس ہو سکتے ہیں۔
ایک نئی برطانوی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ زیادہ پھل کھانے سے پھیپھڑوں پر فضائی آلودگی کے مضر اثرات کم کیے جا سکتے ہیں۔
یونیورسٹی آف لیسٹر کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ پھلوں میں قدرتی طور پر پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس پھیپھڑوں کو آلودہ ماحول کے نقصانات سے بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
یہ تحقیق دو لاکھ سے زیادہ افراد پر کی گئی جس میں دیکھا گیا کہ جو لوگ روزانہ زیادہ پھل کھاتے ہیں، ان کے پھیپھڑوں پر فضائی آلودگی کے اثرات نمایاں طور پر کم تھے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ خواتین پر یہ مثبت اثرات زیادہ نظر آئے۔
ماہرین کے مطابق اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ مرد عموماً خواتین کے مقابلے میں کم پھل کھاتے ہیں، اسی لیے خواتین میں حفاظتی اثرات زیادہ پائے گئے۔
تحقیق پر گفتگو کرتے ہوئے چیرٹی استھما + لنگ یوکے کی چیف ایگزیکٹیو سارہ سلیٹ کا کہنا تھا کہ یہ بات ہم جانتے ہیں کہ پھلوں سے بھرپور غذا پھیپھڑوں کی فعلیت کو بہتر کرتی ہے لیکن اس تحقیق میں دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ یہ پھل فضائی آلودگی کے اثرات کے خلاف عمل بھی کر سکتے ہیں۔