بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنی مشہور فلم “ڈر” کے کردار رہول مہرا سے جڑی کچھ یادیں تازہ کی ہیں۔ ایک حالیہ ڈاکیومنٹری سیریز “The Romantics” میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ نے بتایا کہ اگر وہ آج کے دور میں ایسا کردار ادا کرتے، تو شاید انہیں جیل جانا پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ فلم “ڈر” میں منفی کردار کا انتخاب اُن کے کیریئر کا نیا موڑ تھا۔ اس وقت تمام فلم ساز انہیں صرف “ہیرو” کے کردار کی پیشکش کر رہے تھے، لیکن شاہ رخ کچھ نیا اور مختلف کرنا چاہتے تھے۔ یش چوپڑا نے انہیں یہ منفی کردار آفر کیا تھا، کیونکہ کئی دوسرے اداکار اسے کرنے سے انکار کر چکے تھے۔
شاہ رخ کے مطابق “یش جی بہت سیدھے سادھے انسان تھے۔ انہوں نے مجھے ایمانداری سے بتایا کہ یہ ایک منفی کردار ہے، میں اسے دوسروں کو دینا چاہتا تھا، لیکن وہ نہیں مانے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے تم اسے بہترین طریقے سے ادا کر سکتے ہو
فلم میں رہول مہرا کا کردار ایک سنجیدہ، شدت پسند اور خطرناک عاشق کا تھا۔ شاہ رخ نے کہا کہ وہ کردار بہت “mean” یعنی (ظالم) نوعیت کا تھا ان کا کہنا تھا یہ فلم بظاہر رومانوی تھی، لیکن کردار کا انداز بہت جارحانہ تھا۔ اگر آج میں ایسا کردار کرتا، تو شاید قانون مجھے جیل بھیج دیتا۔
انہوں نے فلم کے ایک یادگار سین کا بھی ذکر کیا، جس میں وہ “کِررررن!” کہہ کر بولتے ہیں۔ شاہ رخ نے بتایا کہ یہ انداز انہوں نے خود تجویز کیا تھا، کیونکہ ان کے ایک بچپن کے دوست کو بولنے میں دقت ہوتی تھی۔ اس آئیڈیے کو یش جی اور ادیتیہ چوپڑا نے پسند کیا اور کردار کا خاص حصہ بنا دیا۔
یش چوپڑا نے بھی شاہ رخ کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا:
“شاہ رخ جب تک خود مطمئن نہ ہوں، سین کو بار بار کرتے ہیں۔ اُن کی لگن بالکل امیتابھ بچن جیسی ہے۔”