بھارتی فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل اے پی سنگھ نے کہا ہے کہ مئی میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران بھارت نے پاکستان کے 5 جنگی طیارے اور ایک فوجی طیارہ مار گرایا۔ یہ بیان بھارت کی طرف سے کئی ماہ بعد آیا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان حالیہ برسوں کا سب سے بڑا فوجی تصادم قرار دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر پاکستانی طیارے روسی ساختہ ایس040 میزائل نظام کے ذریعے نشانہ بنائے گئے، اور یہ نشانہ بازی الیکٹرانک ٹریکنگ ڈیٹا سے ثابت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق مار گرایا جانے والا بڑا طیارہ ممکنہ طور پر ایک جاسوس طیارہ تھا، جسے 300 کلومیٹر دور سے نشانہ بنایا گیا۔
ائیر چیف کا کہنا تھا کہ یہ دنیا کی تاریخ میں سب سے بڑی دور سے کی جانے والی میزائل کارروائی ہے۔ اس موقع پر تقریب میں موجود فضائیہ کے افسران، سابق فوجی اور حکومتی اہلکاروں نے تالیاں بجا کر ان کے دعوے کی پذیرائی کی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارت نے یہ نہیں بتایا کہ گرانے والے طیارے کس قسم کے تھے، لیکن کہا کہ فضائی حملوں میں ایک اور جاسوس طیارہ اور کچھ ایف-16 طیارے بھی تباہ ہوئے جو دو فضائی اڈوں پر کھڑے تھے۔
پاکستانی حکام پہلے ہی ان دعووں کی تردید کر چکے ہیں اور کہا ہے کہ جھڑپوں میں انہوں نے 6 بھارتی طیارے مار گرائے، جن میں ایک رافیل بھی شامل ہے۔ بھارت نے کچھ نقصان کا اعتراف کیا ہے لیکن 6 طیاروں کی تباہی کی بات ماننے سے انکار کیا ہے۔