ہمارے ہاں عام رواج ہے کہ لوگ نہا کر گھر سے کام کاج کے لئے نکلتے ہیں، تاہم بعض ممالک میں یہ رواج ہے کہ سونے سے پہلے لازمی طور پر نیم گرم پانی سے غسل کیا جائے۔ روس وغیرہ میں رات سونے سے پہلے نہانا ایک طرح سے لازمی جز سمجھا جاتا ہے۔
اس حوالے سے بحث جاری رہتی ہے کہ رات کو نہانا بہتر ہے یا صبح کو ؟ ایک نئی امریکی تحقیق نے اس سوال کا سائنسی جواب دے دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر آپ سونے سے ایک یا دو گھنٹے پہلے نیم گرم پانی سے نہا لیں تو آپ کو جلد اور بہتر نیند آئے گی۔ معروف ویب سائٹ "ویری ویل ہیلتھ” نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ رات کو نہانا نیند کے لیے کئی حوالوں سے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
جلدی نیند لانے میں مددگار
جسم کا درجہ حرارت قدرتی طور پر دن کے وقت بڑھتا ہے اور رات کو کم ہونے لگتا ہے، جو دماغ کو سونے کا اشارہ دیتا ہے۔ نیم گرم پانی سے نہانا اس عمل کو تیز کر دیتا ہے۔
ہارورڈ میڈیکل سکول کے پروفیسر شیاب ہاگایگ کے مطابق نیم گرم پانی جلد کی سطح پر خون کی گردش کو بڑھاتا ہے۔ جب آپ گرم ماحول سے نکل کر نسبتاً ٹھنڈی فضا میں آتے ہیں تو جسم کی حرارت تیزی سے خارج ہونے لگتی ہے، جس سے بنیادی جسمانی درجہ حرارت کم ہوتا ہے اور یہی نیند کے لیے بہترین حالت ہوتی ہے۔ ہاگایگ کی تحقیق کے مطابق سونے سے ایک یا دو گھنٹے پہلے گرم پانی سے نہانے سے نیند جلد اور بہتر آتی ہے۔
نیند کے معیار میں بہتری
تحقیق سے یہ بھی پتا چلا کہ سونے سے پہلے نہانے سے نہ صرف نیند جلد آتی ہے بلکہ اس کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے، یعنی آپ گہری اور متواتر نیند سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
نہانے کے بعد جسم میں آنے والی ٹھنڈک نیند کے لیے مطلوبہ جسمانی درجہ حرارت کو حاصل کرنے میں مدد دیتی ہے۔ صرف 10 منٹ کا نیم گرم غسل بھی یہ اثر پیدا کر سکتا ہے۔
دماغی کارکردگی بہتر بنانے میں معاون
سولک انسٹیٹیوٹ سے وابستہ ماہرہ ایملی مانوجیان کے مطابق رات کی اچھی نیند یادداشت، فیصلہ سازی اور تخلیقی صلاحیت کو بہتر بناتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اگر نہانے کا وقت آپ کے جسمانی نظام الاوقات کے مطابق ہو تو یہ آپ کو اگلے دن بہتر کارکردگی کے لیے تیار کر سکتا ہے۔
پروفیسر ہاگایگ کا کہنا ہے کہ سونے سے پہلے نہانا دماغ کو ایک نفسیاتی اشارہ دیتا ہے کہ اب سکون کا وقت ہے، خاص طور پر اگر یہ آپ کے روزمرہ معمول کا حصہ بن جائے تو نیند آنا اور بھی آسان ہو جاتا ہے۔
صبح نہانے کے فوائد
البتہ اگر کوئی صبح نہانا پسند کرتا ہے تو یہ بھی غلط نہیں۔ اگر آپ رات کو زیادہ پسینے میں سوتے ہیں تو صبح کا نہانا تازگی دیتا ہے، مردہ جلد کو صاف کرتا ہے اور دن کی شروعات کو بہتر بناتا ہے۔
ایملی مانوجیان کے مطابق اگر آپ صبح کے وقت ورزش کرتے ہیں تو نہانا لازمی ہو جاتا ہے۔
"ویری ویل ہیلتھ” نے تجویز دی کہ اگر آپ کو نیند آنے میں دشواری ہوتی ہے، صبح سستی محسوس ہوتی ہے یا دن بھر تناؤ کا شکار رہتے ہیں، تو سونے سے کچھ دیر قبل نیم گرم پانی سے نہانے کی عادت اپنائیں۔ یہ آپ کے جسم اور دماغ دونوں کو سکون دے گا اور نیند میں بہتری لائے گا۔