کینیڈا کے شہر، سرے میں بھارتی مزاحیہ اداکار، کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کینیڈین نشریاتی ادارے، سی بی سی نیوز کے مطابق، یہ واقعہ جمعرات کی صبح نیوٹن کے علاقے میں 120 ویں سٹریٹ پر واقع کیفے میں پیش آیا، جب کچھ نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ اس وقت کیفے کا عملہ اندر موجود تھا، لیکن کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس کے مطابق، حملے کے نتیجے میں کیفے کی کھڑکیوں پر گولیوں کے نشانات واضح طور پر دیکھے جا سکتے تھے، جبکہ کیفے کو کچھ مادی نقصان بھی پہنچا ہے۔ سرے پولیس سروس کا کہنا ہے کہ، واقعے کی تفتیش جاری ہے اور وہ اس فائرنگ کو دیگر ممکنہ واقعات اور وجوہات سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔
کپل شرما کے کیفے کی انتظامیہ نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ، یہ حملہ دل دہلا دینے والا ہے، تاہم وہ ہمت نہیں ہاریں گے۔ کیفے کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ،ہم نے اس کیفے کو خوشی اور گرمجوشی کے ماحول کے طور پر شروع کیا تھا، جہاں لوگ دوستانہ ماحول میں بات چیت کر سکیں۔ اس جگہ پر تشدد کی کوئی گنجائش نہیں، اور ہم اس خواب کو قائم رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ،آپ کی حمایت کا شکریہ۔ آئیں مل کر تشدد کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوں اور یقینی بنائیں کہ، ‘کاپس کیفے’ ہمیشہ ایک خوشگوار اور کمیونٹی سے جڑی جگہ رہے۔
رپورٹس کے مطابق، یہ کیفے صرف ایک ہفتہ قبل کھولا گیا تھا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم ابھی تک کسی گرفتاری کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔