جنگ کے دوران چین نے اسلام آباد کو بھارتی فوجی تنصیبات سے متعلق براہِ راست معلومات فراہم کیں، بھارتی فوج کا دعوی

خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارت کی فوج کے ڈپٹی چیف لیفٹیننٹ جنرل راہول سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ مئی میں پاکستان کے ساتھ ہونے والے تصادم کے دوران چین نے اسلام آباد کو بھارتی فوجی تنصیبات سے متعلق براہِ راست معلومات فراہم کیں۔

نئی دہلی میں دفاعی صنعت کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راہول سنگھ نے کہا کہ بھارت کو دو محاذوں پر لڑائی کا سامنا تھا ۔ پاکستان نے براہِ راست محاذ سنبھالا، جبکہ چین نے ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔

ان کے مطابق جب ڈی جی ایم او سطح کی بات چیت جاری تھی تو پاکستان نے کہا کہ ہمیں علم ہے کہ آپ کا فلاں اہم ویکٹر متحرک اور حملے کے لیے تیار ہے، وہ یہ براہِ راست معلومات چین سے لے رہا تھا۔

البتہ انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ بھارت کو کس طرح یہ پتا چلا کہ پاکستان کو چین سے لائیو ان پٹ مل رہے تھے۔

اس سے قبل بھارت کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کا قریبی اتحادی ہے، مگر جھڑپ کے دوران بیجنگ کی طرف سے براہِ راست فوجی مدد کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں