ایرانی سپریم لیڈر کو صدام حسین کے انجام سے سبق سیکھنا چاہیے، اسرائیلی وزیر دفاع

اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دی ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے جاری رہیں گے اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا انجام بھی وہی ہو سکتا ہے جو 2003 میں امریکہ کی قیادت میں ہونے والے حملے کے بعد عراق کے رہنما صدام حسین کا ہوا۔

مقامی میڈیا کے مطابق کاٹز نے کہا کہ میں ایرانی آمر کو جنگی جرائم کا ارتکاب جاری رکھنے اور اسرائیلی شہریوں پر میزائل داغنے کے خلاف خبردار کرتا ہوں۔

ایران کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ہفتے ملک پر حملے شروع ہونے کے بعد سے درجنوں ایرانی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

کاٹز نے صدام حسین کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ خامنہ ای ایران کے ہمسایہ ملک کے آمر کی قسمت کو یاد رکھیں جنہوں نے ریاست اسرائیل کے خلاف یہی راستہ اپنایا تھا۔

کاٹز نے تہران کے رہائشیوں کو شہر چھوڑنے کی اسرائیلی دھمکیوں کو دہراتے ہوئے مزید کہا کہ ہم آج بھی تہران میں حکومت اور فوجی اہداف کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں