سات غذائیں جو جسمانی چربی کے خاتمے میں مدد دیتی ہیں

کم حراروں، زیادہ فائبر یا پانی سے بھرپور غذائیں جسم کو انہیں ہضم کرنے میں زیادہ توانائی صرف کرنے پر مجبور کرتی ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق، یہ غذائیں وزن کنڑول رکھنے کے ساتھ ساتھ بھوک مٹانے میں بھی مدد دیتی ہیں۔ یہ مرغوب غذائیں تین وقت کے کھانوں کے ساتھ ہلکے پھلکے سنیکس کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہیں جنہیں کھاتے ہوئے آپ کو فربا پن کا احساس بھی دامن گیر نہیں رہتا۔ یہ غذائیں درج ذیل ہیں:

1- اجوائن (کرفس)
اجوائن بہت ہلکی پھلکی اور پانی سے بھرپور ہوتی ہے، اس کا استعمال جسم میں حراروں کے اضافے کا باعث نہیں بنتا، تاہم اسے چبانے سے آپ کے معدے کو کچھ کھاتے رہنے کا احساس ہوتا ہے۔ اس کا استعمال اس وقت بھلا معلوم ہوتا ہے جب آپ کو کھانے میں رغبت نہ رہے یا پھر آپ کو سنیکس سے بھرا ہوا دراز خوش خوراکی کی دعوت دے رہا ہو۔ ممکن ہے کسی کو اجوائن کا ذائقہ پسند نہ ہو، مگر ایک چٹکی اجوائن پانی کےساتھ لینے میں تو کوئی حرج نہیں۔

2۔ترشاوہ پھل
مالٹے، چکوترا اور لیموں تازہ اور خوش ذائقہ ہوتے ہیں، اور یہ ترشاوہ پھل فائبر اور پانی سے بھرپور ہوتے ہیں۔ یہ وٹامنز سے مالا مال ہوتے ہیں اور کھانے کی شدید خواہش کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان کا قدرتی ذائقہ معمول کے کھانوں میں خوشگوار ترو تازگی کا احساس بھی دیتا ہے۔ گرمیاں ہیں کینو مالٹے کا موسم نہیں البتہ یہ موسم لیموں کی سکنجبین کےلئے نہایت موزوں ہے۔

3- پتے دار سبزیاں
پتے دار سبزیوں کی فہرست میں اہم اقسام جیسے سلاد کے پتے، پالک اور سرسوں کے ساگ شامل ہیں، جو بنیادی طور پر کم کیلوری والی بہترین سبزیوں میں شمار ہوتی ہیں۔ انہیں بے جھجک زیادہ مقدار میں کھایا جا سکتا ہے۔ یہ کسی بھی کھانے میں منفرد ذائقہ دیتے ہیں اور کھانے کی رفتار کو سست کرنے میں مدد کرتے ہیں، جو کہ جلدی پیٹ بھرنے کا ایک پوشیدہ طریقہ ہے۔

4- کھیرے
کھیرہ ایک بنیادی خوراک کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ یہ زیادہ تر پانی پر مشتمل ہوتا ہے اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ چاہے اسے سلاد میں کٹا ہوا شامل کیا جائے یا حمص وغیرہ میں ڈپ کے طور پر کھایا جائے، یہ معدے کو آسودہ رکھتا ہے اور کیلوریز کی مقدار کو کم کرتا ہے۔ کھیرےکو آسانی کے ساتھ شوارما ، سینڈوچ اور برگر وغیرہ میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

5- سٹرابیری اور بلیو بیریز
سٹرابیری، بلیو بیریز اور ان سے ملتی جلتی دیگر اقسام قدرتی مٹھاس کا اہم ذریعہ ہیں، جنہیں بغیر کسی مضر احساس کے سیر ہو کر کھایا جا سکتا ہے۔ ان پھلوں میں شکر کی مقدار کم ہوتی ہے۔ یہ فائبر سے بھرپور اور آسانی سے کھائے جا سکتے ہیں، خاص طور پر جب آپ سفر میں ہوں۔ جب میٹھا کھانے کی شدید خواہش ہو تو یہ ایک زیرک انتخاب ہیں۔ یہ پھل سمودیز یا سلاد بنا کر، یا پھر فریج سے نکال کر براہ راست کھانے میں شاندار ذائقہ دیتے ہیں۔ ویسے بعض ماہرین بیر کو بھی بیریز ہی کی ایک شکل قرار دیتے ہیں، دیسی قسم ۔

6- شملہ مرچ
شملہ مرچ پانی سے بھرپور ہوتی ہے۔ یہ کچی، بھنی ہوئی، یا سلائسز میں کٹی بطور ہلکی پھلکی خوراک بہترین ہوتی ہے۔ شملہ مرچ سے معدہ سیر رہتا ہے جس سے پورے دن توانائی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔شملہ مرچ کے ٹکڑے بھی شوارما اور سینڈوچ وغیرہ میں استعمال ہوتے ہیں، پزے کا تو یہ لازمی حصہ ہیں۔

7- تورئی یا توری
تورئی جسےپنجاب میں توری یا گھیا توری کہا جاتا ہے، کچن میں ایک بہترین انتخاب سمجھی جاتی ہے۔ یہ آسانی سے مکس ہو جاتی ہے، شاندار ذائقہ دیتی ہے اور کھانے کو ہلکا رکھتی ہے۔ اسے مختلف قسم کے کھانوں میں شامل کیا جا سکتا ہے اور یہ کیلوریز میں اضافہ نہیں کرتی، اس طرح یہ وزن کو برقرار رکھنے کے ساتھ متعدد فوائد فراہم کرتی ہے۔ گرمیوں میں کوشش کی جائے کہ سادہ توری استعمال کریں۔ یہ ٹھنڈی اور مفید ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں