جاپان میں دنیا کا پہلا تھری ڈی پرنٹڈ ریلوے اسٹیشن، صرف 6 گھنٹوں میں تعمیر ہوگا

جاپان میں دنیا کے پہلے تھری ڈی پرنٹڈ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جو محض چھ گھنٹوں میں مکمل ہوگا۔ اوساکا شہر سے ساٹھ میل جنوب میں واقع واکایاما کے علاقے میں اس ریلوے اسٹیشن کو تعمیر کیا جائے گا، جو 108 اسکوائر فٹ کے رقبے پر پھیلا ہوگا۔

یہ اسٹیشن سفید رنگ کا ہوگا اور اس کے کمپیوٹر خاکے بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ جاپان ریلوے گروپ کے مطابق، اسٹیشن کی تعمیر میں استعمال ہونے والا تمام سامان تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی سے تیار کیا جائے گا اور پھر اسے تعمیراتی مقام پر پہنچا کر چھ گھنٹوں کے اندر جوڑ دیا جائے گا۔

اس منصوبے کا آغاز 25 مارچ کو اس وقت ہوگا جب وہاں موجود پرانے ریلوے اسٹیشن سے آخری ٹرین روانہ ہو جائے گی۔ تاہم، یہ واضح نہیں کہ جاپان ریلوے نے اس مخصوص اور نسبتاً گمنام ریلوے اسٹیشن کو اس تاریخی تعمیر کے لیے کیوں منتخب کیا۔

جاپان ریلوے گروپ کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے مستقبل میں ماحول دوست تعمیراتی مواد اور جدید ٹیکنالوجیز کو استعمال کرنے کے حوالے سے قیمتی تجربات حاصل ہوں گے، جو دیگر خطوں میں بھی تعمیراتی کاموں کے لیے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں