خیبر پختونخوا: 48 گھنٹوں میں بارشوں اور سیلاب سے 307 افراد ہلاک، 23 زخمی

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق، خیبر پختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں اب تک 307 افراد ہلاک اور 23 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ، بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے اب تک 74 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں سے 63 کو جزوی اور 11 کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔

یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ، شدید بارشوں کا یہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی خصوصی ہدایات پر متاثرہ اضلاع کے لیے مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے کے امدادی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، متاثرہ ضلع بونیر کو 15 کروڑ روپے جبکہ باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کو 10، 10 کروڑ اور سوات کو 5 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

ادارے نے بتایا ہے کہ، پی ڈی ایم اے کی امدادی ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، تمام متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند شاہراؤں اور رابطہ سڑکوں کی جلد بحالی کی ہدایات دی گئی ہیں۔ سیاحوں کو بھی موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں