امریکہ میں 30 منٹ ڈیلیوری سروس: ایمیزون نے ’ایمیزون ناؤ‘ متعارف کرا دی

ایمیزون نے امریکہ کے مختلف شہروں میں اپنی نئی 30 منٹ ڈیلیوری سروس ’ایمیزون ناؤ‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صارفین روزمرہ استعمال کی اشیا انتہائی کم وقت میں اپنے گھروں تک منگوا سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس سروس کے ذریعے تازہ سبزیاں، دودھ، انڈے، بیکری مصنوعات، گھریلو ضروریات، بچوں اور پالتو جانوروں کی اشیا، الیکٹرانکس اور دیگر سامان صرف 30 منٹ کے اندر فراہم کیا جائے گا۔

ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت امریکی شہروں اٹلانٹا، ڈیلس فورٹ ورتھ، فلاڈیلفیا اور سیئیٹل میں متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ جلد ہی اسے آسٹن، ڈینور، ہیوسٹن، منی ایپولس، اورلینڈو، اوکلاہوما سٹی اور فینکس سمیت دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔

ایمیزون کا کہنا ہے کہ صارفین کو ایپ اور ویب سائٹ پر “30 منٹ ڈیلیوری” کا خصوصی نشان دکھائی دے گا، جس سے فوری ترسیل والی اشیا کی شناخت آسان ہو گی۔

کمپنی نے اس سروس کے لیے چھوٹے مقامی گودام قائم کیے ہیں، جو صارفین کے قریب ہونے کی وجہ سے تیز رفتار ڈیلیوری ممکن بناتے ہیں۔

پرائم ممبرز کے لیے اس سروس کی فیس 3.99 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ عام صارفین کو 13.99 ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ 15 ڈالر سے کم مالیت کے آرڈر پر اضافی چارجز بھی لاگو ہوں گے۔

ایمیزون کے سینئر نائب صدر اُدت مدن کے مطابق ’ایمیزون ناؤ‘ اُن صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جو اپنی ضروری اشیا 30 منٹ یا اس سے کم وقت میں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ اقدام فوڈ اور گروسری ڈیلیوری کمپنیوں ڈور ڈیش، اوبر ایٹس اور انسٹا کارٹ کے لیے سخت مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ ایمیزون اب تیز ترین ڈیلیوری کے شعبے میں بھی اپنی پوزیشن مضبوط بنا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں