امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر ملکی فلموں پر فوری طور پر 100 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد محکمہ تجارت کو فوری عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکی فلمی صنعت کو درپیش زوال کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری بیان میں کہا کہ دیگر ممالک کی جانب سے فلم سازوں کو دی جانے والی سبسڈیز اور مراعات امریکی معیشت اور ثقافت کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔ انہوں نے اس رجحان کو ایک “منظم عالمی مداخلت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے نہ صرف پیغام رسانی بلکہ پروپیگنڈا بھی پھیلایا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کا مقصد امریکی فلمی صنعت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ فلمیں امریکہ میں بنیں تاکہ مقامی روزگار اور ثقافتی خودمختاری کو فروغ دیا جا سکے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ ٹیرف صرف سینما میں ریلیز ہونے والی فلموں پر لاگو ہوں گے یا اس کا دائرہ کار اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر چلنے والے غیر ملکی مواد تک بھی پھیلایا جائے گا۔ اس بات کی تفصیلات بھی سامنے نہیں آئیں کہ ٹیرف فلم کی لاگت پر لگیں گے یا آمدنی پر۔