صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترکمانستان کے دورے کے دوران کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات موجود ہیں، جو باہمی احترام، مشترکہ عقائد اور ایک بہتر و پُرامن مستقبل کے وژن پر مبنی ہیں۔ اشک آباد میں منعقدہ بین الاقوامی فورم ’وقت اور تہذیبوں کا باہمی تعلق: امن و ترقی کی بنیاد‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے فورم کے انعقاد پر ترکمانستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔
یہ عالمی فورم ترکمانستان کے عظیم شاعر اور فلسفی، مقطیمقلی فراگی کے 300 ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ اس فورم سے خطے کے ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات مضبوط ہوں گے اور امن و مکالمے کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ محمد اقبال اور مقطیمقلی فراگی دونوں نے تصوف اور قومیت کے موضوعات پر مشترکہ خیالات کا اظہار کیا ہے۔ مقطیمقلی فراگی ترکمان لوگوں کے جذبات اور امنگوں کی علامت ہیں، جن کی شاعری آج بھی ہمیں اتحاد اور تحریک کا احساس دلاتی ہے۔
صدر زرداری نے ترکمانستان کے صدر کو مقطیمقلی فراگی کے کام کو فروغ دینے اور خطے کے رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے مواقع فراہم کرنے پر سراہا۔