ازبکستان اور افغانستان کے درمیان 20 فیکٹریوں کی منتقلی اور مشترکہ سرمایہ کاری پر اتفاق

افغان عبوری حکومت نے کہا ہے کہ ازبکستان کے ساتھ تقریباً 20 صنعتی فیکٹریوں کی افغانستان منتقلی اور کم سطح کی صنعتوں میں مشترکہ سرمایہ کاری پر اتفاق ہو گیا ہے۔

افغان عبوری حکومت کی وزارتِ صنعت و تجارت کے مطابق قائم مقام وزیر نورالدین عزیزی نے ازبکستان کی وزارتی کونسل کے تحت قائم لائٹ انڈسٹری ڈویلپمنٹ ایجنسی کے سربراہ ناظم جان خلمرودوف سے ملاقات کی۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے مختلف صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی تقریباً 20 فیکٹریوں کی منتقلی، ازبک ٹیکسٹائل مصنوعات کی افغان مارکیٹ تک رسائی بڑھانے اور دھاگا سازی کی صنعت میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔

بیان کے مطابق ملاقات میں معیاری کپاس کی کاشت، کپاس کی پروسیسنگ، دھاگا سازی، چمڑے کی صنعت اور افغانستان میں گارمنٹس انڈسٹری کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔

طالبان اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی اور سرحدی بندشوں کے بعد طالبان حکومت نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

تاہم ازبکستان سمیت کسی بھی وسطی ایشیائی ملک نے اب تک طالبان حکومت کو افغانستان کی باضابطہ حکومت کے طور پر تسلیم نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں