ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ ملاقات قازقستان کے شہر ترکستان میں ترک ریاستوں کی تنظیم کے غیر رسمی سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ ازبک صدر کے دفتر کے مطابق، گفتگو کے آغاز میں خصوصی طور پر اس بات کا ذکر کیا گیا کہ رواں سال جنوری میں صدر مرزائیوف کے انقرہ کے سرکاری دورے نے ازبکستان اور ترکیہ کے درمیان وسیع اسٹریٹجک شراکت داری کو ایک نئے اور بلند مرحلے تک پہنچایا۔

ملاقات میں اس پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ اعلیٰ سطح پر طے پانے والے اہم معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے مسلسل رابطے اور تبادلے جاری ہیں، جبکہ وزارتوں اور اداروں کے درمیان نئے طریقہ کار کے تحت تعاون مزید مؤثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں تعلقات تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے رواں سال کے آغاز سے باہمی تجارت، مشترکہ منصوبوں اور دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں ہونے والے اضافے پر بھی بات کی اور ترک کمپنیوں کی جانب سے جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے مختلف امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔