امریکا میں بوئنگ اور لاک ہیڈ مارٹن کی مشترکہ کمپنی یونائیٹڈ لانچ الائنس (ULA) کا ولکن راکٹ پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث ناکام ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایمازون کے 40 انٹرنیٹ سیٹلائٹس تباہ ہو گئے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق راکٹ اتوار، 15 نومبر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کیناویرل اسپیس فورس اسٹیشن سے روانہ ہوا تھا، تاہم پرواز شروع ہونے کے تقریباً 10 منٹ بعد اس میں خرابی پیدا ہو گئی اور وہ سیٹلائٹس کو مقررہ مدار تک پہنچانے میں ناکام رہا۔
یونائیٹڈ لانچ الائنس نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ اسپیس لانچ کمپلیکس 41 سے روانہ ہونے والے ولکن راکٹ کو دورانِ پرواز غیر معمولی تکنیکی مسئلے کا سامنا کرنا پڑا۔ کمپنی کے مطابق واقعے کی اصل وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی اور پرواز سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یہ 2006 میں قائم ہونے والی کمپنی کی تاریخ میں پہلی مکمل مشن ناکامی ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ واقعے کی تحقیقات میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں، جس کے دوران ولکن راکٹ کی مزید پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
ایمازون نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خلائی مشنز میں ناکامی کا خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے، خصوصاً کسی نئے منصوبے کی ابتدائی پرواز کے دوران۔ کمپنی نے یونائیٹڈ لانچ الائنس پر اعتماد برقرار رکھنے کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تحقیقات سے حاصل ہونے والے نتائج مستقبل کی پروازوں کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے۔ یہ ولکن راکٹ کی 2024 میں پہلی پرواز کے بعد پانچویں اڑان تھی، جبکہ گزشتہ نو ماہ کے دوران تکنیکی مسائل کی تحقیقات کے باعث اس کی پروازیں معطل رہی تھیں۔
ولکن راکٹ میں استعمال ہونے والے بی ای فور (BE-4) انجن ایمازون کے بانی جیف بیزوس کی خلائی کمپنی بلیو اوریجن فراہم کرتی ہے۔ رائٹرز کے مطابق بلیو اوریجن بھی واقعے کی تحقیقات میں تعاون کر رہی ہے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ انجنوں کا ناکامی میں کوئی کردار تھا یا نہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خرابی اس وقت پیش آئی جب راکٹ کا دوسرا مرحلہ پہلے مرحلے سے الگ ہو چکا تھا۔ اس سے قبل بھی ولکن راکٹ کے معاون بوسٹرز میں تکنیکی مسائل سامنے آئے تھے، اگرچہ ان پروازوں میں سیٹلائٹس کامیابی سے مدار میں پہنچا دیے گئے تھے۔
اس ناکامی سے ایمازون کے سیٹلائٹ انٹرنیٹ منصوبے ایمازون لیو (Amazon Leo) کو ایک اور دھچکا پہنچا ہے، جس کا مقصد اسپیس ایکس کے اسٹارلنک نیٹ ورک کا مقابلہ کرنا ہے۔ ایمازون 2025 سے اب تک 14 پروازوں کے ذریعے 398 سیٹلائٹس خلا میں بھیج چکا ہے، جبکہ عالمی سطح پر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کے لیے اسے مجموعی طور پر 3 ہزار 236 سیٹلائٹس درکار ہیں۔ کمپنی رواں سال ابتدائی انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کی خواہاں تھی، تاہم راکٹ کی ناکامی اور ممکنہ طور پر طویل تحقیقات اس کے منصوبے میں مزید تاخیر کا سبب بن سکتی ہیں۔