مائیکروسافٹ کی سروسز میں عالمی خرابی، 74 ممالک میں صارفین متاثر

دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی سروسز میں بڑے پیمانے پر خرابی کے باعث آؤٹ لک، ٹیمز اور کوپائلٹ سمیت متعدد خدمات متاثر ہوگئیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 12 نومبر کو شروع ہونے والی خرابی 13 نومبر تک جاری رہی، جس سے مختلف ممالک میں سرکاری اداروں، کاروباری کمپنیوں اور تعلیمی اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خرابی کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کو 74 ممالک اور علاقوں سے شکایات موصول ہوئیں، جبکہ صرف آؤٹ لک سے متعلق تقریباً ایک لاکھ 30 ہزار شکایات ریکارڈ کی گئیں۔

مائیکروسافٹ کے مطابق سروسز کی بحالی میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم تمام خدمات مکمل طور پر بحال نہیں ہوئیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ فی الحال سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے۔

اپنا تبصرہ لکھیں