یو این سیکرٹری جنرل کا پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان پائیدار امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی سے دونوں ممالک کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سازگار ماحول فراہم ہوگا۔

سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے رابطہ کیا، اور اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ میں سعودی عرب کے مثبت و تعمیری کردار کی تعریف کی۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے بھی پاکستان کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دونوں ممالک میں کشیدگی کے خاتمے کی امید ظاہر کی۔ اسی طرح، ایران کی وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کو اس موقع سے فائدہ اٹھا کر کشیدگی میں کمی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

جرمنی نے بھی اس اقدام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت ہی کشیدگی کے خاتمے کا واحد حل ہے۔ برطانیہ نے بھی پاک بھارت جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا، اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کا سبب بنے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں