برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد اور عالمی انعام یافتگان کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں تاکہ برطانیہ عالمی ٹیلنٹ کو اپنی طرف متوجہ کر سکے۔
برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر عالمی سطح کے سائنسدانوں، ماہرین، اساتذہ اور ڈیجیٹل ماہرین کو ملک میں لانے کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت پر کیا جا رہا ہے جب امریکا نے H-1B ویزا کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی بھاری فیس عائد کر دی ہے۔
وزیراعظم کے دفتر اور برطانوی خزانے کے حکام کے درمیان اس تجویز پر غور جاری ہے۔ منصوبے کے مطابق دنیا کی پانچ بہترین یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل افراد یا بین الاقوامی انعام یافتگان کو ویزا کی مفت سہولت دی جا سکتی ہے۔
فی الحال برطانیہ کا گلوبل ٹیلنٹ ویزا حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کو 766 پاؤنڈ (تقریباً 1,030 امریکی ڈالر) ادا کرنا پڑتے ہیں، اور یہی فیس ان کے شریک حیات اور بچوں کے لیے بھی لاگو ہوتی ہے۔
یہ تجویز نومبر میں متوقع بجٹ سے قبل معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے دی جا رہی ہے، اور ماہرین کا ماننا ہے کہ اس سے برطانیہ، امریکا کی سخت امیگریشن پالیسی کے مقابلے میں ایک پرکشش متبادل کے طور پر اُبھر سکتا ہے۔