تاشقند-اسلام آباد براہ راست پرواز کا آغاز: یہ پرواز برادر ممالک کے روابط کو قریب لائے گی، ازبک سفیر

ازبکستان اور پاکستان کے درمیان سفارتی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو تقویت دینے کی جانب ایک اور قدم لیا گیا ہے۔ ازبکستان کی قومی ایئرلائن Uzbekistan Airways نے تاشقند سے اسلام آباد کے لیے اپنی پہلی براہِ راست پرواز کا کامیاب آغاز کیا۔

جدید Airbus A320 NEO طیارہ مقامی وقت کے مطابق، صبح 11:50 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا، جہاں اس کا شاندار استقبال روایتی ‘واٹر کینن سالیوٹ’ کے ساتھ کیا گیا۔ 168 مسافروں پر مشتمل اس پرواز کی آمد نے فضاء میں تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کیا، جبکہ واپسی پر بھی تقریبا اتنے ہی مسافر تاشقند روانہ ہوئے۔

اس تاریخی موقع پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ترک سفیر، پاکستان کی وزارتِ ہوا بازی، پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن، ضلعی انتظامیہ، وسطی ایشیائی ریاستوں کے سفارتکار، سیاحتی ماہرین، میڈیا نمائندگان اور سول سوسائٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ایک پریس کانفرنس بھی منعقد ہوئی جس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر روشنی ڈالی گئی۔

پاکستان میں تعینات ازبک سفیر علی شیر تختیوف نے اس موقع پر کہا کہ، یہ پرواز نہ صرف دو برادر ملکوں کے درمیان فاصلے کم کرے گی، بلکہ عوامی روابط کو بھی مزید قریب لائے گی۔
پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ڈائریکٹر، جنرل آفتاب الرحمٰن رانا نے کہا کہ، یہ چھ ماہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان شروع ہونے والی تیسری پرواز ہے، جو دوطرفہ سیاحت، تعلیم، ثقافت اور کاروباری تبادلوں کے لیے ایک مضبوط سنگ بنیاد ہے۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر، سعید آفتاب گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ، یہ نئی فضائی راہداری نہ صرف سیاحت، بلکہ تحقیق، تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی بے پناہ مواقع پیدا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ، مستقبل میں پاکستان کے دیگر شہروں سے بھی ازبکستان کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے پر کام جاری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں