وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے ملک اور قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستانی ایتھلیٹس کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔
وزیراعظم نے سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے اسنوکر چیمپئن محمد آصف سے ملاقات کی اور انہیں سری لنکا میں حال ہی میں ہونے والی چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی اور محمد آصف کو 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک بھی پیش کیا۔
وزیراعظم کے میڈیا ونگ کے مطابق، شہباز شریف نے کہا:
“آپ نے اسنوکر کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، پوری قوم آپ پر فخر کرتی ہے۔”
محمد آصف کی کارکردگی پر وزیراعظم کے تاثرات
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محمد آصف نے تین مرتبہ ورلڈ ایمیچور اسنوکر چیمپئن شپ اور سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر اپنی مہارت کا لوہا منوایا اور پاکستان کو اعزاز بخشا ہے۔
محمد آصف نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے قومی سطح پر ان کی کامیابیوں کو تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ میں حکومت کی سرپرستی اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وزیراعظم نے ان کی کامیابیوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ محمد آصف کے ساتھ مل کر اسنوکر کے کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ اس کھیل کو نوجوانوں میں مزید فروغ دیا جا سکے۔