وفاقی حکومت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حکومت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے لیے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں وفاقی کابینہ نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاک فوج کو آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیا جائے گا، جبکہ رینجرز کی تعیناتی انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت عمل میں لائی جائے گی۔
یہ فیصلہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک جاری رہے گی، جس کے لیے ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔