فلم سکندر ناکام، مداحوں نے ملاقات میں سلمان خان کو کیا مشورے دیے؟

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان اپنی حالیہ ریلیز ’سکندر‘ کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ فلم نہ صرف تجارتی طور پر بری طرح ناکام ہوئی، بلکہ مداحوں کی توقعات پر بھی پوری نہیں اُتر سکی، جس کے نتیجے میں سلمان خان کے چاہنے والے خود ان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچ گئے۔
عید کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ سے جہاں سلمان خان کو باکس آفس پر ایک بار پھر چھا جانے کی امید تھی، وہیں فلم کے ابتدائی بزنس نے ہی مایوسی کی لہر دوڑا دی۔ فلم اب تک 100 کروڑ کا سنگ میل عبور کرنے میں بھی ناکام رہی ہے، جو سلمان خان جیسے سپر اسٹار کے لیے ایک غیر معمولی صورت حال ہے۔
فلم کی ناکامی نے نہ صرف سلمان کو تشویش میں مبتلا کر دیا، بلکہ ان کے مداحوں کو بھی بے چین کر دیا۔ اسی بے چینی کے عالم میں 5 اپریل کو کچھ مداح سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹس پہنچے اور ایک تفصیلی ملاقات ہوئی، جو تقریباایک گھنٹے تک جاری رہی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ملاقات میں سلمان خان کی ٹیم بھی موجود تھی اور مداحوں نے نہ صرف فلم ’سکندر‘ پر کھل کر تنقید کی، بلکہ سوشل میڈیا پر چلنے والے منفی ٹرینڈز بھی دکھائے۔ مداحوں کا کہنا تھا کہ، فلم کی کہانی کمزور تھی، مارکیٹنگ بھی ناقص تھی اور سب سے افسوسناک بات یہ کہ، فلم ریلیز کے پہلے ہی دن لیک ہو گئی تھی، جس پر ساجد ناڈیاڈ والا کی ٹیم کو شکایت کی گئی، لیکن انہوں نے معاملے کو سنجیدہ نہیں لیا۔
ذرائع کے مطابق، سلمان خان نے ملاقات کے دوران فلم کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ، انہیں بھی ابتدا سے ہی محسوس ہو رہا تھا کہ، کچھ نہ کچھ گڑبڑ ہے۔
مداحوں نے انہیں مشورہ دیا کہ، وہ علی عباس ظفر اور کبیر خان جیسے ہنر مند ہدایت کاروں کے ساتھ دوبارہ کام کریں، کیونکہ انہی کے ساتھ بنائی گئی فلمیں کامیاب رہی ہیں۔ مزید یہ بھی تجویز دی گئی کہ، شاہ رخ خان کی منیجر پوجا دادلانی کی طرح سلمان خان کو بھی کسی ایسے فرد کی ضرورت ہے جو مداحوں اور ان کے درمیان رابطے کا پل بنے۔
ملاقات کے اختتام پر سلمان خان نے مداحوں کو یقین دہانی کروائی کہ، وہ ان کے تحفظات اور مشوروں کو سنجیدگی سے لیں گے اور آئندہ صرف وہی پروجیکٹس کریں گے جو مداح دیکھنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں