سعودی عرب اور ازبکستان نے بدعنوانی کے خاتمے، شفاف طرزِ حکمرانی کے فروغ اور بین الاقوامی سطح پر انسدادِ کرپشن کے اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے دو اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے یہ معاہدے انسدادِ بدعنوانی کی نگرانی کرنے والے سرکاری ادارے ’نزاھہ‘ نے کیے، جبکہ ازبکستان کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر اور انسدادِ بدعنوانی ایجنسی نے اس اشتراک میں حصہ لیا۔ یہ دستخطی تقریب تاشقند میں منعقد ہوئی، جس میں نزاھہ کے صدر مازن الکحموس، ازبکستان کے پراسیکیوٹر جنرل نگمت اللہ یولدشیف، انسدادِ بدعنوانی ایجنسی کے ڈائریکٹر اکمل برخانوف اور سعودی سفیر صالح القحراہ نے شرکت کی۔
معاہدوں کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کے خلاف مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہے، خاص طور پر سرحد پار جرائم کی روک تھام، معلومات اور مہارتوں کے تبادلے اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے جیسے اہم نکات پر کام کیا جائے گا۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دیانتداری، شفافیت اور اچھی حکمرانی کے اصولوں کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اجلاس میں نزاھہ کی جانب سے انسدادِ بدعنوانی کے لیے کیے گئے اہم اقدامات اور اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی گئی، جبکہ ازبکستان کے تجربات اور کامیاب پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
یہ معاہدے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان قانونی اور انتظامی سطح پر تعلقات کو فروغ دیں گے بلکہ خطے میں شفافیت اور احتساب کے نظام کو بھی مزید تقویت بخشیں گے۔