سمرقند کا سفر: ٹرانسپورٹ اور رہائش کے بہترین آپشن

سیاح جب تاشقند سے سمرقند پہنچتے ہیں تو عمومی طور پر ٹریول ایجنٹ کی طرف سے ان کے پک اپ کا انتظام ہوچکا ہوتا ہے ۔کیونکہ بھارت یا پاکستان سے آنے والے سیاح اپنے ملک سے سات دن یا دس دن کا سیاحتی پیکج خریدکر ازبکستان آتے ہیں ۔لہذا ان کے قیام و طعام اور سفر کے انتظامات اس ٹریول ایجنسی کے زمہ ہوتے ہیں،جہاں سے انہوں نے سیاحتی پیکج خریدا ہوتا ہے ۔ ایسی صورتحال میں سمرقند کے ریلوے اسٹیشن یا ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہیں تو ٹریول ایجنسی کا نمائندہ یا ڈرائیور ان کے استقبال کے لیے موجود ہوتا ہے
دوسری صورت میں اگر آپ نے کسی ٹریول ایجنسی سے سیاحتی پیکج نہیں خریدا تو ظاہر ہے پھر آپ کو اپنے قیام اور ٹرانسپورٹ کا انتظام خود کرنا ہوتا ہے ۔اگر آپ اپنے لئے کوئی ہوٹل بک کرلیا ہے تو آپ ٹیکسی کی مدد سے اس ہوٹل تک پہنچ سکتے ہیں ۔اگر آپ ریگولر ٹیکسی پر نہیں جانا چاہتے تو پھر سمرقند میں ینڈیکس اور اوکے ٹیکسی(Yandex Go اور OK Taxi ) کے نام سے ایپس موجود ہیں ۔آپ ان دونوں ایپس میں سے کوئی بھی ایپ اپنے موبائل ٖفون میں ڈاون لوڈ کرکے ٹیکسی بک کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ینڈیکس اور ’’اوکے ‘‘ٹیکسی روائتی ٹیکسی کے مقابلے میں نہ صرف سستی بلکہ محفوظ اور قابلِ اعتماد بھی سمجھی جاتی ہیں۔

سمرقند میں رہائش کے آپشن:
سمرقند میں رہائش کیلئے آپشن بالکل ویسے ہی ہیں جیسے ہم تاشقند میں رہائش کے آپشن بیان کر چکے ہیں ۔یعنی آپ اپنے بجٹ اور سہولت کے اعتبار سے ہوٹل ،ہاسٹل،اپارٹمنٹ یا ولا میں رہائش اختیار کر سکتے ہیں ۔

ہوٹل:
اگر آپ ہوٹل میں رہائش اختیار کرنا چاہتے ہیں تو سمرقند میں مہنگے،سستے اور درمیانے درجے کے ہوٹل موجود ہیں ۔اکانومی اور لگژری ہوٹل کا الگ الگ کرایہ ہے ۔اگرآپ کسی لگژری ہوٹل میں قیام کے خواہش مند ہیں تو آپ کسی بھی ہوٹل بکنگ ایپ سے مندرجہ ذیل ہوٹلوں میں سے اپنے لئے ہوٹل منتخب کر سکتے ہیں

• Hilton Garden Inn
• Hotel Samira
• Silk Road by Minyoun
• Panorama Hotel
• Hilton Regency Samarkand
• The Villa Hotel
• Hotel Asia Samarkand
• Savitsky Plaza
• Continental Hotel

اگر آپ کسی سستے ہوٹل میں رہائش رکھنا چاہتے ہیں تو سمرقند کے مشہور سیاحتی مقام ’’ریگستان‘‘ اور ریلوے سٹیشن کے قریبی علاقوں میں سستے ہوٹل دستیاب ہیں ۔لگژری ہوٹلوں کا کرایہ پچاس ڈالرز سے لے کر دو سو ڈالرز تک ہے جبکہ عام اور سستے ہوٹل کا کرایہ بیس ڈالرز سے چالیس ڈالرز تک ہوتا ہے۔

فلیٹ :
بعض لوگوں کا خیال ہے کہ فلیٹ میں ہوٹل کی نسبت زیادہ سہولیات ہوتی ہیں۔فلیٹ میں کمروں کے علاوہ بالکونی،کچن اورلاونج بھی موجود ہوتا ہے جبکہ ہوٹل میں آپ ایک کمرے تک محدود ہوتے ہیں اور دیگر سہولیات کیلئے آپ کو کمرے سے باہر نکلنا ہوتا ہے ۔سمرقند میں آپ فلیٹ یا اپارٹمنٹ آسانی سے حاصل کر سکتے ہیں ۔سمرقند شہر میں کسی بھی جگہ اپارٹمنٹ حاصل کیا جا سکتا ہے البتہ سمرقند کے مشہور سیاحتی مقام “ریگستان”کے سامنے موجود فلیٹ سوسائٹی میں سب سے مناسب اور سستے فلیٹ ملتے ہیں ۔اگر آپ اس علاقے میں فلیٹ کرائے پر حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کا آسان حل یہ ہے کہ جب آپ ’’ریگستان‘‘پہنچیں تو وہاں موجود تین مدارس کی عمارت کے بالکل سامنے جہاں گاڑیوں کی پارکنگ ہے ،وہاں چلے جائیں ۔وہاں موجود ایجنٹ خود آپ سے پوچھنا شروع کر دیتے ہیں کہ ’’کیا آپ کو فلیٹ چاہئے‘‘۔آپ آپشن کے طور پر ایک دو فلیٹس دیکھ لیجئے اور اس کے بعد اپنے لئے فلیٹ منتخب کر لیں۔یہاں عام طور پر ایک کمرے کے فلیٹ کا کرایہ پچیس سے پینتیس ڈالرز کے درمیان ہے ۔جبکہ دو کمرے کے فلیٹ کا کرایہ پینتیس ڈالرز سے پچاس ڈالرز کے درمیان ہوتا ہے ۔

ولا یا گھر :
اگر آپ تین چار کمروں پر مشتمل ولا یا گھر حاصل کرنا چاہتے ہیں تو سمرقند میں یہ سہولت بھی آپ کو میسر ہے ۔سمرقند میں ایک نیا شہر بسایا گیا ہےجس کا نام “سمرقند سٹی” ہے ۔حالیہ دنوں میں ازبکستان میں جتنی بھی بڑی کانفرنسیں منعقد ہوئی ہیں وہ سمرقند سٹی میں ہی ہوئی ہیں ۔سمرقند سٹی ایک جدید شہر ہے ۔یہاں جھیل ،ولاز،بازار اور بڑے بڑے فائیو سٹار ہوٹل بنائے گئے ہیں ۔اسی جگہ دو ، تین اور چار کمروں پر مشتمل ولا کرائے کیلئے دستیاب ہیں ۔ان ولاز کے کرائے کا انحصار ہفتہ کے دنوں (ہفتہ ویک اینڈ یا عام دن) پربھی ہوتا ہے اور ولا کے سائز پر بھی ۔عام طور پر یہاں چار سو سے ایک ہزار امریکی ڈالرز کرائے پر ولاز موجود ہیں۔

ہاسٹل یا گیسٹ ہاوس :
سمرقند میں ہاسٹل بھی موجود ہیں ۔یہ ہاسٹل شئیرنگ بنیادوں پر رہائش کی پیشکش کرتے ہیں ۔ایک کمرے میں تین یا چار بیڈز ہوتے ہیں اور ہاسٹل والے کمرے کی بجائے بیڈ کرایہ پر دیتے ہیں ۔اس طرح ایک کمرے میں تین سے چار لوگ قیام کرتے ہیں ۔یہ ہاسٹل دس سے پندرہ ڈالرز فی بیڈ چارج کرتے ہیں ۔یہ ہاسٹل عام طور پر مارکیٹوں کے اوپر بنے ہوتے ہیں ۔سمرقند میں ووکزال یعنی ریلوے سٹیشن ،کریم بیگ ریسٹورنٹ اور دیپسگی کے علاقہ میں ایسے ہاسٹل موجود ہیں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں