خاتون کا انوکھا کارنامہ: دنیا کا سب سے بڑا مُنہ کھولنے کا عالمی ریکارڈ قائم

دنیا حیرت انگیز صلاحیتوں سے بھری پڑی ہے اور ایسا ہی ایک منفرد کارنامہ انجام دیا ہے امریکی ریاست الاسکا سے تعلق رکھنے والی میری پرل زیلمر رابنسن نے، جنہوں نے دنیا کا سب سے بڑا مُنہ کھولنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، میری پرل رابنسن 7.23 سے لے کر 7.33 سینٹی میٹر تک اپنا مُنہ کھول سکتی ہیں، جو کہ اب تک کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ رامسڈیل نامی ایک شخص کے پاس تھا، جو 6.52 سینٹی میٹر تک اپنا مُنہ کھول سکتا تھا۔

میری نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ سات بہن بھائیوں میں سے ایک ہیں اور بچپن میں وہ اپنے بہن بھائیوں کو چڑانے کے لیے اپنے مُنہ میں مالٹے اور بلب ڈال لیا کرتی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ وہ اس خاص صلاحیت سے واقف تھیں، لیکن کبھی سنجیدگی سے اس پر غور نہیں کیا۔ جب انہیں علم ہوا کہ دنیا کے سب سے بڑا مُنہ کھولنے کا ایک باقاعدہ عالمی ریکارڈ موجود ہے، تو انہوں نے اس میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا اور گنیز ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کروا لیا۔

یہ دلچسپ ریکارڈ نہ صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے بلکہ صارفین بھی طرح طرح کے تبصروں سے اس کا لطف اٹھا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں