وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے، چیمپئنز ٹرافی میں فتح کیلئے ہم سب قومی ٹیم کیلئے دعاگو ہیں ، ہمیں اس وقت کا انتظار ہے جب آپ ہندوستان کو شکست فاش دیں گے۔
وزیراعظم نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کی تزئین و آرائش کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم کی تعمیر نو بہترین انداز میں کی گئی ہے،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی نگرانی میں 117 دنوں میں منصوبہ کامیابی سے مکمل کیا گیا ۔ جس تیزی سے یہ کام مکمل کیا گیا یہ حسن رفتار ہے۔ شہباز اسپیڈ اب ماضی کی بات ہو گئی ہے ، اب محسن اسپیڈ کا زمانہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بہترین کرکٹ کھیلنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ امید ہے آپ چیمپئنز ٹرافی جیت کر قوم کو تحفہ دیں گے ۔ ہم سب ایونٹ میں ٹیم کی کامیابی کیلئے دعاگو رہیں گے ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا ، چیمپئنز ٹرافی جیت کر آپ نہ صرف پوری قوم کے ہیرو بنیں گے بلکہ ہمسایہ ملک کو شکست دے کر آپ 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے ۔ ہم سب دعا گو ہیں اور اس وقت کے منتظر ہیں جب آپ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو شکست دیں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بھارت میچ دبئی میں ہوگا ، ہمیں بھی دبئی لے چلیں ہم وہاں قومی ٹیم کی بیٹنگ اور بالنگ دیکھیں گے۔ انہوں نے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے بڑی توقع ہے۔ پھر شاہین شاہ آفریدی کو پکار کر کہا کہ آپ اپنے سسر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وکٹوں کے انبار لگا دیں ۔