پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈئیٹرز کی کراچی کنگز کو شکست،پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن برقرار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 15ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 5 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد کوئٹہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
کوئٹہ کی جانب سے فہیم اشرف نے 43، کوشل مینڈس نے 36 اور حسن نواز نے 35 قیمتی رنز بنائے، تاہم ٹیم کا مجموعی اسکور بڑا نہ ہو سکا۔ کراچی کنگز کے حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں ،جبکہ میر حمزہ اور عباس آفریدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
143 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن دباؤ میں دکھائی دی۔ ٹِم سیفرٹ نے 47، جیمز ونس نے 30 اور حسن علی نے 24 رنز کی اننگز کھیلی، مگر ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 137 رنز ہی بنا سکی۔ کوئٹہ کے محمد عامر، خرم شہزاد اور محمد وسیم نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ ابرار احمد اور سعود شکیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس کامیابی کے باوجود پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوزیشن میں زیادہ بہتری نہ آ سکی اور وہ پانچویں نمبر پر ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اب تک اپنے پانچوں میچز جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ کراچی کنگز چھ میں سے تین فتوحات کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔
دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون میں قابل ذکر کھلاڑی شامل تھے، جن میں کوئٹہ کی جانب سے سعود شکیل (کپتان)، کوشل مینڈس، حسن نواز اور محمد عامر نمایاں رہے، جبکہ کراچی کی ٹیم میں ڈیوڈ وارنر (کپتان)، ٹم سیفرٹ، جیمز ونس اور حسن علی شامل تھے۔
میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی عمدہ باؤلنگ اور مشکل وقت میں بہتر بیٹنگ نے انہیں اہم فتح دلائی۔

اپنا تبصرہ لکھیں