پی ایس ایل10: پشاور زلمی کو چوتھی مرتبہ شکست کا سامنا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے دسویں ایڈیشن کے 17ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 64 رنز سے شکست دے کر ایک شاندار فتح حاصل کرلی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔
کوئٹہ کی اننگز کا آغاز کپتان، سعود شکیل اور فن ایلن نے پرجوش انداز میں کیا، دونوں نے ٹیم کو 45 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ سعود شکیل نے 32 اور فن ایلن نے 31 رنز بنائے۔ ریلی روسوو نے 27، کشال مینڈس نے 32 اور مارک چیمپن نے 33 رنز کی مفید اننگز کھیلیں۔
تاہم، آخری اوورز میں کوئٹہ کے مڈل آرڈر بیٹرز بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز تک محدود رہی۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی۔ صائم ایوب صرف 5 رنز پر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان بابر اعظم بھی 12 رنز ہی بنا سکے۔ محمد حارث نے 17 اور مچل اوون نے 15 رنز جوڑے، مگر ٹیم کو سنبھال نہ سکے۔ حسین طلعت نے کچھ مزاحمت کی اور 39 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی، تاہم انہیں بھی دوسرے اینڈ سے کوئی موثر ساتھ نہ ملا اور پوری ٹیم 15.2 اوورز میں صرف 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فہیم اشرف نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ خرم شہزاد نے دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عامر، وسیم جونیئر اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی نے اس میچ میں اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی، جہاں اسپنر عارف یعقوب کی جگہ صفیان مقیم کو شامل کیا گیا، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں