پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یاسر خان کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا۔
ملتان سلطانز کی بیٹنگ کا آغاز نئی اوپننگ جوڑی، یاسر خان اور محمد رضوان نے کیا، جنہوں نے صرف 7 اوورز میں 89 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد رضوان نے 32 رنز بنائے، جبکہ یاسر خان نے اپنے پہلے ہی میچ میں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے صرف 44 گیندوں پر 87 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔
عثمان خان نے 39، ایشٹن ٹرنر نے 15 اور مائیکل بریسویل نے 9 رنز بنائے۔ افتخار احمد نے آخر میں 18 گیندوں پر 40 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اسکور کو 228 تک پہنچایا۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے جارحانہ آغاز کیا لیکن تسلسل برقرار نہ رکھ سکے۔ فخر زمان نے صرف 14 گیندوں پر 32 رنز بنائے مگر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر زیادہ دیر نہ ٹک سکا۔
سکندر رضا نے مزاحمت کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ سیم بلنگز نے 43 رنز بنائے، لیکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 195 رنز بنا سکی اور میچ 33 رنز سے ہار گئی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، اسامہ میر اور مائیکل بریسویل نے 2،2 جب کہ جوش لٹل اور ڈیوڈ ویلے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز نے میچ کے لیے اپنے گزشتہ اسکواڈ کو برقرار رکھا، جبکہ ملتان سلطانز نے دو تبدیلیاں کیں، شائے ہوپ اور عاقف جاوید کی جگہ یاسر خان اور جوشوا لٹل کو شامل کیا گیا۔
ملتان سلطانز کی یہ رواں سیزن میں پہلی کامیابی ہے، اس سے قبل وہ کراچی، اسلام آباد اور پشاور کے ہاتھوں شکست کھا چکی تھی۔ دوسری جانب لاہور قلندرز، جو اپنے پہلے میچ میں اسلام آباد سے ہاری تھی، مسلسل دو فتوحات کے بعد اس میچ میں شکست سے دوچار ہوئی۔