پی ایس ایل 10: سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کو شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 24ویں میچ میں کراچی کنگز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ بارش سے متاثر ہوا، جس میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 161 رنز کا ہدف دیا۔ کراچی کی ٹیم نے یہ ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
لاہور قلندرز نے میچ کے آغاز میں 7.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنائے تھے کہ، بارش کے باعث کھیل روک دیا گیا۔ بعد ازاں میچ کو 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
کراچی کنگز کے کپتان، ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قلندرز کی جانب سے نوجوان اوپنر، محمد نعیم نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے صرف 22 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 29 گیندوں پر 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے ساتھی اوپنر، فخر زمان نے بھی 33 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
دیگر بلے بازوں میں عبداللہ شفیق نے 18، ڈیرل مچل نے صفر، سیم بلنگز نے 2، سکندر رضا نے 8، آصف علی نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے صفر رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ عامر جمال، حسن علی اور میر حمزہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں کراچی کنگز کی اننگز کا آغاز کپتان، ڈیوڈ وارنر اور ٹم سیفرٹ نے کیا، دونوں نے 24،24 رنز اسکور کیے۔ جیمز وِنس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ نوجوان سعد بیگ نے 25 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ 9 رنز ہی بنا سکے، اور محمد نبی نے 15 رنز اسکور کیے۔
میچ کے ہیرو عرفان خان نیازی رہے جنہوں نے 21 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیرل مچل اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ رشاد حسین اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی تھی، فاسٹ بولر ٹام کرن کی جگہ اسپنر رشاد حسین کو شامل کیا گیا۔ کراچی کنگز نے دو تبدیلیاں کیں، فواد علی کی جگہ حسن علی اور عمیر یوسف کی جگہ سعد بیگ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔
پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور کراچی کنگز10 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں