راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں شائقین کو ایک بھرپور اور ہائی اسکورنگ مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 217 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔
پشاور زلمی کے کپتان ،بابراعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، لیکن یہ فیصلہ ان کے لیے سودمند ثابت نہ ہوا۔ کوئٹہ کے اوپنرز، خصوصاً نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے فن ایلن اور کپتان سعود شکیل نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا۔ فن ایلن نے محض 25 گیندوں پر 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ سعود شکیل نے ذمہ دارانہ انداز اپناتے ہوئے 42 گیندوں پر 59 رنز بنائے، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
تیسرے نمبر پر آنے والے نوجوان بلے باز حسن نواز نے بھی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کیا اور 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں ریلی روسو اور کشال مینڈس نے زبردست ہٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو کوئٹہ کے حق میں مزید مضبوط کیا۔ روسو نے صرف 10 گیندوں پر 21 رنز بنائے جبکہ کشال مینڈس نے محض 14 گیندوں پر 35 رنز جڑ دیے، اور دونوں بلے باز ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی بولنگ لائن خاصی دباؤ میں دکھائی دی۔ محمد علی سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 57 رنز دیے۔ الزاری جوزف، صفیان مقیم اور علی رضا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو کولن منرو کی ناقابلِ شکست نصف سنچری کی بدولت 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ، پشاور زلمی 217 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کیسا ردِعمل دیتی ہے۔