انسداد پولیو کے لیے مائیکرو سطح پر مزید توجہ دی جائے، عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے زور دیا ہے کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے مائیکرو سطح پر مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ یہ بات لاہور کے کمشنر زید بن مقصود سے ملاقات اور اہم اجلاس کے دوران کہی گئی، جس میں ڈبلیو ایچ او، نیشنل پولیو کوآرڈی نیشن کے عہدیداران، پولیو فوکل پرسن عائشہ رضا فاروقی، ڈپٹی کمشنر لاہور موسیٰ رضا اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں ڈی سی لاہور موسیٰ رضا نے پولیو کے خلاف جاری مہم اور اہداف کے حصول کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔ ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے اعتراف کیا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں انسداد پولیو کے لیے نمایاں کام کیا جا رہا ہے، تاہم اس بات پر زور دیا کہ صرف بچوں کی ویکسینیشن کافی نہیں، بلکہ ماحولیاتی نمونوں کا پولیو وائرس سے پاک ہونا بھی ضروری ہے۔

عہدیداران نے لاہور میں مائیکرو پاپولیشن میپنگ کو سراہا، لیکن ساتھ ہی یہ تجویز دی کہ انسداد پولیو کی مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مائیکرو سطح پر توجہ بڑھائی جائے اور اپ سٹریم نمونے بھی حاصل کیے جائیں۔ اس موقع پر عائشہ رضا فاروقی نے کہا کہ پولیو سے مکمل نجات اجتماعی کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، جب کہ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے بتایا کہ شہر کے ٹرانزٹ پوائنٹس، خانہ بدوش آبادیوں اور جھگیوں میں سو فی صد ویکسینیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لیے ٹریک بیک سیمپلز کے تجزیے سے بھی اہم مدد لی جا رہی ہے۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام ادارے باہم مل کر پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں