پی ایس ایل 10: لاہور قلندرزکو شکست دے کر پشاور زلمی نے ٹورنامنٹ کی دوسری فتح حاصل کی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 14ویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 7وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 129 رنز بنائے، جس کے تعاقب میں پشاور زلمی نے 17ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔
پشاور زلمی کی بیٹنگ کا آغاز خاصا مایوس کن رہا اور ابتدائی دونوں اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ صائم ایوب صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ٹام کوہلر-کیڈمور صفر پر حارث رؤف کا شکار بنے۔ اس کے بعد کپتان، بابر اعظم اور محمد حارث نے کچھ مزاحمت کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالنے کی کوشش کی، تاہم حارث 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس موقع پر بابر اعظم اور حسین طلعت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ بابر اعظم نے 42 گیندوں پر ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 56 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ حسین طلعت نے 37 گیندوں پر 51 رنز بنائے اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے مل کر ٹیم کو فتح دلوائی اور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام نظر آئی۔ ان کی نصف ٹیم محض 34 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ فخر زمان 10، آصف علی 5، عبداللہ شفیق صفر اور ڈیرل مچل صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سیم بلنگز 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کچھ مزاحمت کی مگر وہ بھی صرف 16 رنز ہی بنا سکے۔
لاہور کی جانب سے سکندر رضا واحد نمایاں بیٹر رہے، جنہوں نے 37 گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ پشاور زلمی کے الزاری جوزف 2وکٹیں لے کر کامیاب ترین باؤلر رہے، جبکہ لیوک ووڈ اور حسین طلعت نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ علی رضا اور عارف یعقوب نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
میچ سے قبل پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر لاہور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ اس فتح کے ساتھ پشاور زلمی نے پانچ میچوں میں اپنی دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے، جبکہ لاہور قلندرز کو پانچ میچوں میں یہ تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں