پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کھلاڑی مریم محمود نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔ برطانوی فٹبال کلب ریکسیم اے ایف سی نے پاکستان کی نمائندگی کرنے پر مریم محمود کا نام اپنے انٹرنیشنل آنرز بورڈ پر شامل کرلیا ہے۔
مریم محمود ریکسیم ویمنز کی انٹرنیشنل آنرز بورڈ پر جگہ بنانے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ کلب کے آنر بورڈ پر پاکستان کی مردوں کی قومی ٹیم کے کھلاڑی عمر نواز کا نام بھی شامل ہے۔
اپنے اعزاز پر مریم محمود کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل آنرز بورڈ پر اپنا نام دیکھ کر انہیں بے حد خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے۔ پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی کرنے کا سفر ان کے لیے ناقابلِ یقین رہا، جبکہ کلب کے لیجنڈز کے ساتھ اپنا نام آنر بورڈ پر دیکھنا ایک غیر معمولی لمحہ ہے۔
مریم محمود کے مطابق پاکستان کی نمائندگی کے جذبات الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو اور پاکستانی شائقین کی بھرپور حمایت ان کے لیے ناقابلِ فراموش رہی، جبکہ آئیوری کوسٹ میں پاکستان کی جانب سے تین میچز کھیلنا بھی ایک یادگار تجربہ تھا۔
مریم محمود کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو، خصوصاً لڑکیوں کو، کھیلوں کی طرف راغب کرنا اور انہیں آگے بڑھنے کی ترغیب دینا ان کا ذاتی مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچپن میں ان کے پاس کوئی خاتون رول ماڈل موجود نہیں تھی، اس لیے انہیں خوشی ہے کہ آج وہ خود نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک مثال بننے اور انہیں اپنے خواب پورے کرنے کی ترغیب دینے کا کردار ادا کر رہی ہیں۔